اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اساس انٹرنیشنل سکول نےسپورٹس فیاسٹا 2024 کا انعقاد کیا۔ طلبا و طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور مختلف کیٹگریز کے ایوارڈ بھی جیتے۔ اس موقع پر والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سکول کے کھیل کے میدان کو مختلف مقابلوں کے لئے خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اساس انٹرنیشنل سکول کے ڈاکٹر ارشد ضیا نے طلبہ اور اساتذہ کو صحت مند مقابلوں میں حصہ لینے پر خصوصی طور پر سراہا۔
انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساس سکول کی ان روایات کا بھی بتایا کہ طلبہ کے لئے غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی خصوصی انعقاد کیا جاتا ہے۔ سکول کی پرنسپل صفیہ جواد نے اپنے خطاب میں کہا کہ زندگی میں ترقی اور اچھے مواقع کے لئے اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آگے بڑھنے اور مثبت مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔اتھلیٹ صدف صدیقی اس تقریب کی مہمان خصوصی تھیں اور انہوں نے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔