لاہور۔22نومبر (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں پارٹی صدر و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے 31رکنی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری دے دی جس کا پارٹی سیکرٹریٹ کی طرف سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سابق صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری کو آئی پی پی کا مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور معروف کاروباری و سیاسی شخصیت چوہدری عبدالرئوف کو سیکرٹری فنانس کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔پارٹی ترجمان کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی نئی31رکنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں سینئر سیاستدان اسحاق خان خاکوانی، غلام سرور خان، سید صمصام علی بخاری،ممبران قومی اسمبلی گل اصغر بگھور، عون ثقلین چوہدری اور منزہ حسن شامل ہیں۔ اسی طرح ممبران پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی، غضنفر عباس چھینہ اورسارہ احمد کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود،پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ہمایوں اختر خان اورملک نعمان لنگڑیال بھی سی ای سی کے رکن نامزد ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا ہ سے جی جی جمال کے علاوہ پنجاب سے ایاز خان نیازی، چوہدری نوریز شکور، چوہدری ظہیر الدین، راجہ یاور کمال، فیاض الحسن چوہان، خرم حمید روکھڑی اور امیر حیدر سنگھا بھی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نیاز حسین گشکوری،رفاقت گیلانی، سید افتخار حسین گیلانی،تحسین گردیزی،چوہدری عبدالرئوف،ہارون عمران گل،چوہدری علی اختر، مامون جعفر تارڑاور آئی پی پی لاہور کے صدر ملک زمان نصیب بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام نئے اراکین کے لئے نیک تمنائوں اور کامیابی کی خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئی پی پی زیادہ فعال انداز میں ہر فورم پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور ملکی تعمیر و ترقی و بہتری میں ہراول دستہ ہوگی۔