استنبول میں منعقد ہ عالمی نمائش میں پاکستانی ایکسپورٹرز نے بیسٹ ڈیزائن کے دو ایوارڈز جیت لئے، عالمی نمائش صنعت کیلئے تقویت کا باعث بنے گی، کارپٹ ایسوسی ایشن

160

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):استنبول میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش ’’ سی ایف ای ‘‘ میں پہلی مرتبہ شرکت کر نے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی پاکستانی ایکسپورٹرکمپنیوں نے بیسٹ ڈیزائن کے دو ایوارڈز جیت لئے ۔ پاکستانی ایکسپورٹرکمپنیوں ’’شیخ کارپٹ‘‘اور ’’ریڈ اِنک‘‘نے اعلیٰ معیار اور جدید ڈیزائن کی بدولت پاکستان کے لئے دو ایوارڈز حاصل کئے ۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک اور چیئرمین میاں عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ استنبول میں منعقدہ عالمی نمائش سی ایف ای کے شرکاء نے اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،مختلف ممالک کے درآمد کنندگان اور وزیٹرز سے ہونے والی ملاقاتیں انتہائی حوصلہ افزا رہی ہیں اور عالمی نمائش میں ہونے والے برآمدی سودے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کیلئے تقویت کا باعث بنیں گے ۔

کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجازالرحمان اور ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ریاض احمد سے استنبول سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے عبد اللطیف ملک اور میاں عتیق الرحمان نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور ترکیہ میں پاکستانی قونصل جنرل نعمان اسلم کی جانب سے سی ایف ای نمائش میں پاکستان سے شرکت کرنے والوں کی بھرپور رہنمائی اور ہر طرح سے معاونت کی گئی جس پر ان کے مشکور ہیں۔

قونصل خانے کی جانب سے عالمی نمائش کے موقع پر پاکستانی برآمد کنندگان کی غیر ملکی خریداروں کے ساتھ بی ٹو بی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے دوررس نتائج حاصل ہوں گے۔ نمائش میں شریک غیر ملکی خریداروں نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس سے انتہائی حوصلہ ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن واپسی پر عالمی نمائش میں شرکت اور بی ٹو بی ملاقاتوں کے نتائج کے حوالے سے مفصل رپورٹ مرتب کر کے اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے عالمی نمائش کا ہر پہلو سے بغور جائزہ لیا ہے جس سے رواں سال پاکستان میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کی تیاریوں اور اسے کامیاب بنانے میں رہنمائی ملے گی ۔نمائش میں شریک غیر ملکی درآمد کنندگان نے پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش میں شرکت کی خواہش کا بھی اظہار کیا ۔