واشنگٹن۔16اکتوبر (اے پی پی): امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ پھیل سکتی ہے اور ایران کی اس جنگ میں شمولیت کا خطرہ موجود ہے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جاری جنگ شمال میں دوسرے محاذ کے کھلنے اور یقیناً ایران کی شمولیت کا خطرہ موجود ہے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن نے بھی ہفتے کے روز امریکا کے دوسرے طیارہ بردار بحری بیڑے کو اسرائیل کی مدد کے لیے روانہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متنبہ کیا تھا کہ اس جنگ کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور انہوں نے ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس میں شامل ہو سکتا ہے۔دریں اثنا ایران نے بھی کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کے زمینی حملے کے نتیجے میں جنگ مشرق وسطیٰ میں پھیل سکتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کی صورت میں صورت حال پر قابو پانے اور جنگ میں توسیع نہ ہونے کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ جنگ اور بحران کے دائرہ کار کو پھیلنے سے روکنے میں دلچسپی رکھتے ہیں انہیں غزہ میں عوام اور عام شہریوں کے خلاف موجودہ وحشیانہ حملوں کو روکنے کی ضرورت ہے۔ امیر عبداللہیان نے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر امریکا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔