اسرائیل ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیاں بند کرے،ترکیہ

55
Turkish Ministry of Foreign Affairs
Turkish Ministry of Foreign Affairs

انقرہ۔13جون (اے پی پی):ترکیہ نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیاں بند کرے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترک وزارت خارجہ نے جمعہ کو بیان میں اسرائیلی فضائی حملوں کو "بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور اسے اشتعال انگیزی قرار دیا جو خطے میں عدم استحکام کی اسرائیل کی سٹریٹجک پالیسی کے مفاد میں ہے ۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو اپنے جارحانہ اقدامات کو فوری طور پر بند کرنا چاہیے جو مزید تنازعات کا باعث بن سکتے ہیں۔ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت تیز ہو رہی ہے،

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کسی بھی مسئلے کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور وہ اپنے مفادات کے لئے علاقائی استحکام اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کے خلاف نہیں ہے ۔ وزارت نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔