اسرائیل نے جدید تاریخ میں ظلم وبربریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے ،عالمی قوانین کے تحت قیام امن کے لئے جو بھی فیصلے ہوں گے پاکستان اس میں ہمیشہ صف اول میں کھڑا ہوگا، اعظم نذیر تارڑ

81

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جدید تاریخ میں ظلم وبربریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور 17 ماہ میں 65 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے،پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ بربریت رکوانے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، عالمی قوانین کے تحت قیام امن کے لئے جو بھی فیصلے ہوں گے پاکستان اس میں ہمیشہ صف اول میں کھڑا ہوگا۔

پیر کو قومی اسمبلی میں فلسطین کے معاملہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ7 اکتوبر 2023 موجودہ انسانی تاریخ میں ایک بحرانی دن کے طور یاد رکھا جائے گا جس دن اسرائیلی حکومت نے علی الاعلان فلسطینی عوام کی نسل کشی کا آغازکیا،جدید تاریخ میں ظلم وبربریت کی نئی تاریخ رقم کی اور 17 ماہ میں 65 ہزار بے گناہوں کو نشانہ بنایا،ڈیڑھ لاکھ افراد صیہونی بربریت کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں،15 ہزار افراد ملبے تلے دبے ہیں، خوفناک بارود کے استعمال سے ہنستی بستی عمارتیں زمیں بوس ہوئیں،دنیا نے اس بربریت کے خلاف آواز اٹھائی تاہم کچھ ممالک نے اس پر بھی خاموشی اختیار کی،جنوبی افریقہ کی حکومت اس معاملہ کو عالمی عدالت انصاف میں لے گئی،پاکستان کا فلسطین کے مسئلہ پر واضح موقف ہے،دنیا میں حق خوداردیت کی آواز کو بات چیت سے تو روکا جاسکتا ہے تاہم بارود سے نہیں روکا جاسکتا،کشمیر و فلسطین سمیت ایسے تمام ایشوز کا حل کیا جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کے خلاف کروڑوں لوگوں نے احتجاج کیا تاہم اس بربریت میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے،ایک بار پھر بربریت شروع ہے،ریلیف کے کاموں میں رکاوٹ ہے،وہاں پر ریلیف فراہم کرنے والے رضاکار،اقوام متحدہ سمیت ہر ایک متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا حکومت نے اس مسئلہ پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے اور واشگاف الفاظ میں مذمت کی ہے۔پاکستان کے عوام اور حکومت فلسطین کے عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں نہ صرف اقوام عالم کی مدد کی ضرورت ہے بلکہ اس مسئلہ کے پائیدار حل کے لئے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہے تاکہ ظلم کی یہ داستان نہ دہرائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کا دوٹوک موقف ہے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،عالمی قوانین کے تحت قیام امن کے لئے جو بھی فیصلے ہوں گے پاکستان اس میں ہمیشہ صف اول میں کھڑا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس بربریت کا خاتمہ ہونا چاہئے۔