اسرائیل کو یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف پروپیگنڈے اور اس کی امدادی سرگرمیوں پر پابندی سے روکا جانا چاہیے ، پاکستان

80
Ansar Shah
Ansar Shah

اقوام متحدہ۔15نومبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کو بتایا ہے کہ غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے)کو بند کرنے کے لئے اسرائیلی قانون سازی لاکھوں فلسطینیوں کو افراتفری میں دھکیل دے گی، نیز عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی اہم لائف لائن یو این آر ڈبلیو اے کی بھرپور حمایت کرے ۔

اقوام متحدہ میں پاکستان مشن میں فرسٹ سیکرٹری انصر شاہ نے گزشتہ روز جنرل اسمبلی کی سپیشل پولیٹکل اینڈ ڈی کالونائزیشن سے متعلق چوتھی کمیٹی میں بحث کے دوران کہا کہ اسرائیل کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف پروپیگنڈے اور اس کی امدادی سرگرمیوں پر پابندی سے روکا جانا چاہیے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں کہ یو این آر ڈبلیو اے فعال رہے اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق انسانی ہمدردی کے کاموں کو سر انجام دے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ نے رواں ماہ کے شروع میں دو بل منظور کئے جن میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے ) کو اسرائیل میں کام کرنے اور حکام کو اس کے ساتھ کسی بھی قسم کے رابطے سے منع کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ پاکستانی مندوب انصر شاہ نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کی امید اور وقار کو بحال کرنے کے لیے انصاف، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کو برقرار رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یو این آر ڈبلیو اے کی امدادی کارروائیوں کو ختم کرنے کی اسرائیلی کوششوں کی مذمت کی جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے کئے گئے عارضی اقدامات اور عدالت کی جانب سے 19 جولائی کی مشاورتی رائے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی مندوب نے لاکھوں فلسطینیوں کے لئے سنگین خدشات کو اجاگر کیا کہ اسرائیلی اقدام سے ضروری عوامی خدمات جیسے تعلیم، صحت اور سماجی مدد منقطع ہو جائیں گی جن پر ان کی زندگیوں کا انحصار ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پوری آبادی کو خدشہ ہے کہ ان کی واحد لائف لائن منقطع کر دی جائے گی۔ رکن ممالک کی مداخلت کے بغیر یو این آر ڈبلیو اے بند ہو جائے گا، جس سے لاکھوں فلسطینی افراتفری میں چلے جائیں گے۔

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ ہمیں فلسطینی عوام کی پکار کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کئے تو اقوام متحدہ کے چارٹر کی بنیاد پر بنایا گیا بین الاقوامی نظام تباہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی عوام کی امید اور وقار کی بحالی کے لیے انصاف، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کو برقرار رکھنا چاہیے