اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ایران پر جارحیت قابل مذمت ہے، کسی بھی ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی عالمی قوانین کی توہین ہے۔ جمعے کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جنگی پالیسی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، مشرق وسطیٰ میں تنائو انسانیت کے لیے تباہ کن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت عالمی امن کے لیے چیلنج ہے، مشرق وسطیٰ میں بگڑتی صورتحال عالمی سلامتی کے لیے الارمنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا پھیلائو روکنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، ہر قوم کو بین الاقوامی قوانین کے تحت جینے کا حق حاصل ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ دنیا کو انسانی حقوق کی بنیاد پر کھڑا ہونا ہوگا۔