ملتان ۔ 18 جون (اے پی پی):انجمن ِ تجارت ملازمت و زراعت پیشہ خواتین ملتان کی صدر طاہرہ نجم نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حالیہ حملے کو عالمی امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے جارحانہ اقدامات پورے مشرقِ وسطیٰ کو جنگ کی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں طاہرہ نجم نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کو اس حملے نے مزید سنگین کر دیا ہے اور اگر عالمی برادری نے بروقت مؤثر کردار ادا نہ کیا تو اس کے نتائج نہایت خطرناک ہوں گے۔ طاہرہ نجم نے مزید کہا کہ خواتین کا طبقہ جو زراعت و تجارت جیسے اہم شعبوں میں سرگرم ہے، وہ جنگ و جدل کے ان حالات سے براہِ راست متاثر ہوتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ فوری طور پر فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع اور معاشی تباہی روکی جا سکے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ امن، استحکام، اور مکالمے کو فروغ دے کر دنیا کو مزید جنگوں سے بچائے عالمی طاقتیں اگر خاموش رہیں تو جنگ کے شعلے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی امن پسند خواتین اس اقدام کی پرزور مذمت کرتی ہیں، کیونکہ جنگیں نہ صرف معیشت کو تباہ کرتی ہیں بلکہ عورت، بچہ اور عام شہری سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت اور تجارت کے شعبے سے جڑی خواتین ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ جنگ کے سائے میں فصل نہیں اگتی، صرف لاشیں گرتی ہیں۔ طاہرہ نجم نے عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ فوری طور پر مداخلت کر کے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں استحکام دنیا کے امن و ترقی کے لیے ضروری ہے۔ہم خواتین امن، رواداری اور ترقی کی علامت ہیں، اور ہمارا پیغام ہے کہ دنیا کو بندوق سے نہیں، بات چیت سے چلانا ہو گا۔