اسرائیل کے میزائل، جدید ٹیکنالوجی اور بم ایمان کی طاقت کو شکست نہیں دے سکتے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ریلی سے خطاب

61

لاہور۔21مئی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایمان کی طاقت سب سے بڑی طاقت ہے، اسرائیل سن لے ان کے جدید میزائل ، ٹیکنالوجی اور بم اس طاقت کو شکست نہیں دے سکتے ، فلسطینی اپنی ایمان کی طاقت سے جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب اسرائیل اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کرے گا۔

وہ جمعہ کے روز لبرٹی چوک میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف منعقدہ ریلی سے خطاب کر رہی تھیں ، اس موقع پر تاجروں ، سول سوسائٹی ، سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت این جی اوز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں ضلعی سطح پر ریلیاں ، مساجد میں دعائیں اور سڑکوں پر موجود شہری دنیا کے مردہ ضمیر کو جھجھوڑ رہے ہیں اور ہمارا یہ پیغام ہے کہ جہاں جہاں ہمارے اختیار میں ہو گا وہاں ہم اسرائیلی مظالم کی مذمت کریں گے اور ان کارروائیوں کو روکنے کیلئے حکومت کے ساتھ ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم انسانوں کو خون کی ندیوں میں نہلانے والا دہشت گرد اسرائیل کو بین الاقوامی فورم پر بے نقاب کرنے میں اقوام متحدہ انسان دوست تنظیم کا کردار ادا کرے اور غلامی کی رنجیریں توڑتے ہوئے آزاد ادارے کے طور پر انصاف کرے۔ انہوں نے کہا کہ مصر، پاکستان ، ترکی اور دیگر مسلم امہ کی کوششوں سے فلسطین میں جنگ بندی کا اعلان خوش آئند ہے ۔ توقع ہے کہ جنگ بندی سے بڑا اقدام جو یک طرفہ جنگ فلسطین پر مسلط کی گئی جس میں نہ زخمیوں کو اٹھانے دیا جا رہا ہے۔ ریڈ کراس کو ٹارگٹ کیا گیا یو این او اداروں کی تضحیک کی گئی۔

توقع ہے کہ اقوام متحدہ اسرائیل کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستانی ڈاکٹروں نے ادویات کے ساتھ عراق پر حملہ کے وقت وہاں کے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھا اسی طرح فلسطین میں بھی ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی سفاکانہ کارروائیوں کو جس طرح میڈیا نے بہادری کے ساتھ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اس پر میڈیا کی طاقتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اسی طرح حکومت اور عوام کے ساتھ ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہے گا اور مسلم امہ کو یکجا کر کے اپنا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے فلسطینیوں کی آواز عالمی فورم پر اٹھائی۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کی مشکلات میں آسانی کیلئے دعا کی گئی اور فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل سے اظہار مذمت کیلئے پلے کارڈز اٹھا رکھتے تھے۔ ریلی کے شرکاءنے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں سے فلسطینی عوام پر مظالم رکوانے کا مطالبہ کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔