اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان و وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پی ٹی آئی کے حق میں بیان سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ نو مئی کے واقعات کے تانے بانے غیر ملکی سازش کا نتیجہ ہیں، 9 مئی کے واقعات اور اسکے بعد جو کچھ ہوا وہ ہمارے شہیدوں کی توہین تھی، سیاست میں پہلی بار دیکھا کہ آئی ایم ایف کا وفد زمان پارک گیا اور مفروروں کے ساتھ ملاقات کی، وزیر اعظم پاراچنار کے ایشو پر فوری توجہ دیں،گلگت بلتستان سے پی ٹی آئی کے فاروڈ بلاک کا رکن وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہے،جی بی اور کشمیر کے الیکشن پاکستان کے الیکشن کیساتھ ہی ہونے چاہیئں،ہم کسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں تاہم کوئی فرد واحد اگر کسی جرم میں ملوث ہو تو اس پر بیشک پابندی لگا دیں
جبکہ 92ہزار خاندانوں میں سے 72ہزار خاندانوں کوبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نو ہزار روپے اور بچوں کے تعلیمی وظائف کے پیسے مل چکے ہیں ۔سید سبط الحیدر بخاری اور نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسرائیل کا موقف پی ٹی آئی کے حوالے سے آیا ہے، اسرائیل کے پی ٹی آئی سے متعلق موقف پر پیپلز پارٹی کو تحفظات ہیں ،پی پی پی ہمیشہ فلسطین کی آواز بنی ہے، سابقہ حکومت کے وزیر نے اسرائیل کا دورہ کیا اور اسرائیل کا ایک جہاز بھی اسلام آباد آیا، پی ٹی آئی نے نو مئی کو توڑ پھوڑ کی قومی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے،
اسرائیل کی ان ساری باتوں کے تانے بانے ملتے ہیں، 9 مئی کے واقعات اور اسکے بعد جو کچھ ہوا وہ ہمارے شہیدوں کی توہین تھی، ہمارے شہیدوں کے خاندان فخر سے کہتے ہیں کہ ہمارے بیٹوں نے ملک کی خاطر جان دی،سرحدوں کی حفاظت کرنے والے کیا سوچیں گے؟ شہدا کے ساتھ نو مئی کو کیا ہوا ؟ان واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ان واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیئے،ملک میں سزا جزا کا کلچر رائج کرنا ہوگاتو نو مئی جیسے واقعات رونما نہیں ہوں گے ، پی پی پی کا ورکر فلسطین اور کشمیر کاز کے ساتھ کھڑا ہے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا میں کھڑے ہو کر کشمیر کی بات کی ، سویڈن میں جو واقعہ ہوا اس کے خلاف وزیر خارجہ نے ہر ممکن اقدام اٹھایااور یہ معاملہ اقوام متحدہ تک پہنچا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے تھے کہ اس ملک کی سیاست میں بیرونی طاقتیں مداخلت کرتی ہیں، تکبر اور غرور کا انجام برا ہی ہوتا ہے، ایک شخص کہتا تھا کہ درخت کو کھڑا کروں گا تو اس کو بھی ووٹ پڑے گاہم نے دیکھا درخت تو دور انسان کو بھی ووٹ نہیں پڑا،اگست میں موجودہ حکومت کی مدت پوری ہو رہی ہے ،اکتوبر میں الیکشن ہونگے،صاف و شفاف الیکشن ہونے چاہیئں اور نئی حکومت کو اقتدار منتقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک کرائسس سے نکل رہے ہیں، ہمارے دوست ممالک بھی ساتھ کھڑے ہوئے،ان کی سیاست میں پہلی بار دیکھا کہ آئی ایم ایف کا وفد زمان پارک گیا اور مفروروں کیساتھ ملاقات کی، حکومت پاکستان کو مطلوب شخص اور ریاست پاکستان کے نزدیک مفرور شخص سے ملاقات کرنے آیا،
اس پر وزارت داخلہ، ایف آئی اے کو ایکشن لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 92ہزار خاندانوں میں سے 72ہزار خاندانوں کوبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نو ہزار روپے اور بچوں کے تعلیمی وظائف کے پیسے مل چکے ہیں، 8171 بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے میسج آئے گا اس علاوہ سب میسج فیک ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاراچنار کے ایشو پر فوری توجہ دیں اور وزیر داخلہ فوراً وہاں پہنچیں ،محرم شروع ہونیوالا ہے کہیں ملکی حالات خراب نہ ہو جائیں جبکہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ امن کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔گلگت بلتستان سے پی ٹی آئی کے فاروڈ بلاک کا رکن وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہے،جی بی اور کشمیر کے الیکشن پاکستان کے الیکشن کیساتھ ہی ہونے چاہیئں۔ہم کسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں تاہم کوئی فرد واحد اگر کسی جرم میں ملوث ہو تو اس پر بیشک پابندی لگا دیں۔