اسرائیلی حملے، انڈونیشیا کے صدر کی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت

121

جکارتہ۔2اکتوبر (اے پی پی):انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے لبنان میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کے بعد اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ شنہوا کے مطابق انہوں نے بدھ کو مشرقی نوسا ٹینگارا صوبے کے اپنے دورے کے دوران کہا ہے کہ انہوں نے وزیر خارجہ ریٹنو مارسودی کو صورتحال کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان میں انڈونیشیا کے شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

وزارت خارجہ کے مطابق لبنان میں اب بھی انڈونیشیا کے 150 شہری مقیم ہیں، ان میں سفارت خانے کے عملے اور لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس میں حصہ لینے والی انڈونیشیائی فوج کے اہلکار شامل ہیں۔ انڈونیشیا کی حکومت نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں تازہ ترین پیش رفت کے جواب میں تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انڈونیشیا کے صدر کی جانب سے یہ بیان منگل کو لبنان پر اسرائیل کے زمینی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔