ماسکو۔13جون (اے پی پی):روس نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی سختی سے مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں خطرناک اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی ریاست کے پرتشدد اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے ایک رکن خود مختار ملک، اس کے شہریوں، پرامن شہروں اور جوہری توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات پر بلا اشتعال فوجی حملے قطعی طور پر ناقابل قبول ہیں۔