اسرائیلی فوج غزہ میں 477 سکولوں کو حملوں میں نشانہ بنا چکی ہے، اقوام متحدہ

126
United Nations
United Nations

دبئی۔13اگست (اے پی پی):غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 477سکولوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ تاس کے مطابق اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین برائے مشرق وسطی (یو این آر ڈبلیو اے) نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دس ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ میں غزہ کے 564 سکولوں میں سے کم از کم 477 پر حملے کئےگئے ہیں جن کے نتیجہ میں 344 سکولوں کی عمارتیں براہ راست متاثر ہوئیں اور دیگر 133 کو نقصان پہنچا۔

ان میں 264 سرکاری سکول، اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین برائے مشرق وسطی (یو این آر ڈبلیو اے) کے 156 اسکول اور 57 نجی سکول شامل ہیں۔یو این آر ڈبلیو اے نے فلسطینی سول ڈیفنس کی رپور ٹس کے حوالہ سے مزید بتایا کہ اکتوبر 2023 سے بے گھر لوگوں کی پناہ گاہوں کے طور پر کام آنے والے تقریباً 180 سکولوں کو اسرائیلی حملوں میں براہ راست نشانہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 10 اگست کو اسرائیلی فضائیہ نے الطبعین سکول کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا جس میں غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے مطابق 11 بچوں اور 6 خواتین سمیت کم از کم 93 افرادشہید ہوئے ۔