
اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے اردن ویلی کو شامل کرنے کا یکطرفہ اور غیر ذمہ دارانہ اعلان فلسطینیوں پر قبضہ برقرار رکھنے اور انہیں مزید آزادی سے محروم رکھنے کی طرف ایک خطرناک پیش رفت ہے۔ پیر کو جدہ سے یہاں موصول ہونے والے پیغام کے مطابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اتوار کو اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کونسل آف منسٹرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شفقت محمود نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی اسرائیل کو اس غیر قانونی اقدام سے روکنے اور مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اپنا دباﺅ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین سے متعلق اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، ہم آزادی فلسطینی ریاست کے قیام، 1967ءکی سرحدیں اور القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت بنانا ہی مشرق وسطیٰ میں قیام امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست سے کشمیری کو بند کر کے ایک جیل بنا دیا گیا ہے، کشمیری نوجوانوں کو رات گئے گھروں سے اغواءکر لیا جاتا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کشمیری رہنماﺅں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے اور کشمیری عوام کی زندگیوں کو بچانے کے لئے اور کشمیر خوراک اور ادویات کی سخت قلت ہو گئی ہے۔