اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل کی زیر صدارت امن کمیٹی برائے عیدالضحیٰ کےاجلاس کا انعقاد

198
اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل کی زیر صدارت امن کمیٹی برائے عیدالضحیٰ کےاجلاس کا انعقاد

سیالکوٹ۔8جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل کی زیر صدارت امن کمیٹی برائے عیدالضحیٰ کےاجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر امن، بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے اور صفائی و ستھرائی سمیت دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پرامن معاشرہ ہر فرد کی ضرورت ہے اس میں ہی ملکی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ بردباری اور برداشت کی فضاء قائم رکھنے میں انتظامیہ و اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کوئی بھی فرداس مذہبی تہوار کے موقع پر ہمارے معاشرے کے امن میں مداخلت نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کالعدم تنظیم،ادارے کی طرف سے کھالوں کے جمع کرنے،پبلک مقامات یا گھروں میں جاکر کھالیں اٹھانے ،منظور شدہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ کھالیں اکھٹی کرنے سے متعلق فلیکسز،بینرز،پمفلٹ یا لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

احسن ممتاز گوندل نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ،آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور عید کے ایام میں پانی و بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔