اسلام آباد ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کے استقبال کے لیے خصوصی ڈیسک قائم

108
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کے استقبال کے لیے خصوصی ڈیسک قائم

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نے بین الاقوامی اوورسیز کنونشن میں شرکت کے لیے دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے استقبال کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے۔کنونشن میں شرکت کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔

اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔اتوار کی شام لوک ورثہ میں سمندر پار پاکستانیوں کے اعزاز میں ثقافتی فوڈ فیسٹیول اور لوک موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا۔کنونشن کا افتتاحی اجلاس آج 14 اپریل کو ہوگا جس میں چیئرمین سینیٹ شرکت کریں گے۔

کنونشن میں ایس آئی ایف سی، وزارت خارجہ، وزارت تجارت، نادرا ، او پی ایف،سٹیٹ بینک اور ایف بی آرسمیت دیگر کئی ضمنی اجلاس بھی منعقد ہوں گے۔ اوورسیز کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، کابینہ کے اراکین اور اراکین پارلیمنٹ بھی شرکت کریں گے۔