اسلام آباد-مری ایکسپریس وے کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے، عبدالعلیم خان

53

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نےاسلام آباد سے مری ایکسپریس ہائی وے کو اپ گریڈ کرنے اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرنے کے لئے سینئر افسران کے ہمراہ دورہ کیا اور موجودہ رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف کو گرین بیلٹس کے ساتھ خوبصورت بنایا جائے۔

انہوں نے مری ٹول پلازہ کو” ای ٹیگ” سے منسلک کرنے اور اس کی ازسرنو تعمیر کو 30 جولائی تک مکمل کرنے کا ہدف دیا اور ہدایت کی کہ مری کے مقامی رہائشی ٹول پلازہ ٹوکن سے مستثنیٰ ہوں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقام ہونے کے ناطے مری ایکسپریس وے پاکستان کی اہم ترین شاہرا ہ ہے جہاں نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد بلکہ ملک بھر سے آنے والے ٹورسٹ سفر کرتے ہیں لہذا ملکہ کوہسار کے راستے کو اچھی تصویر پیش کرنی چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر خوبصورت لائٹس لگانے، لینڈ سکیپنگ کرنے اور تزئین و آرائش کے دیگر امور کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس امر کو یقینی بنائے کہ شہری اس شاہراہ پر دن و رات محفوظ اور آسان سفر کر سکیں۔

عبدالعلیم خان نے مری ایکسپریس وے کے اطراف خوبصورت والز بنانے کی ہدایت کی جس سے یہاں سے گزرنے والے سیاحوں پر اچھے اثرات مرتب ہوں۔انہوں نے ایکسپریس وے کے دونوں اطراف غیر قانونی راستے بند کرنے اور ناجائز تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں غیر ضروری خلل نہ پڑے۔ اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف جگہوں پر شہریوں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کیا اور اس ایکسپریس وے کی اپ گریڈیشن کے عمل کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے سینئر افسران کو ٹول پلازہ تعمیر مکمل کرنے اور دیگر امور سے متعلق موقع پر ہی ٹاسک سونپ دیئے جنہیں طے شدہ وقت کے اندر مکمل ہونا چاہئے۔وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔