31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںاسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندیوں کا...

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، عمر حمید خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔۔جمعہ کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے،وزرات داخلہ فوری ضروری قانون سازی کرے تاکہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کو یقینی بناسکے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ کمیشن نے خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا،اسلام آباد لوکل گورنمنٹس ایکٹ میں مختلف ادوار میں ترمیم کی وجہ سے الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات نہیں کرا سکا،اسلام آباد لوکل گورنمنٹس کی میعاد 14فروری 2021 کو ختم ہوئی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اب تک الیکشن کمیشن 5دفعہ حلقہ بندی کراچکا ہے اور 3دفعہ الیکشن شیڈول بھی دے چکا ہے،جب بھی الیکشن کمیشن الیکشن کے انعقاد کی تیاری مکمل کرتا ہے تو لوکل گورنمنٹ قوانین میں ترمیم کر دی جاتی ہے۔

- Advertisement -

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگست 2024ء میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی جس کے جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن نے ایکٹ میں چند غلطیوں کی نشاندہی کی اور ترمیم کے مطابق فوری رولز اور فارم بنانے کی ہدایت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ جو مسودہ وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا الیکشن کمیشن اس پر اپنا فیڈ بیک اور منظوری بھی دے چکا ہےتاہم قانون سازی کا عمل تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا عمل مکمل کر چکا ہے،وزرات داخلہ فوری قانون سازی کی تکمیل یقینی بنائے تاکہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ وزارتِ داخلہ کے نمائندگان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مجوزہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء میں ضروری ترمیم کو 30 اپریل 2025ء کو سی سی ایل سی میں پیش کیا جا چکا ہے،منظوری کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی مذکورہ قانون پارلیمانی منظوری حاصل کرے گاتو وہ الیکشن کمیشن کے تعاون کیلئے تیارہیں تاکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر حکومت نے اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ الیکشن پر سنجیدگی نہ دکھائی تو الیکشن کمیشن اس سلسلے میں باقاعدگی سے سماعت کرے گا اور باقاعدہ احکامات جاری کرے گا جن کی پابندی لازمی ہو گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591343

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں