اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام "فرینڈز آف پولیس” پروگرام کے 11ویں بیچ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ۔ اس بیچ میں اقراء یونیورسٹی کے 30 طلباء شرکت کر رہے ہیں جو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تربیت حاصل کریں گے۔چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی خصوصی ہدایت پر طلباء نے پہلے دن ٹریفک ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہیں ٹریفک ہیڈکوارٹرز کے کام کے طریقہ کار اور سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز ) سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ٹی پی ایجوکیشن ونگ نے شرکاء کو ٹریفک پولیس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا جن میں لائسنسنگ برانچ، مرکزی کنٹرول روم، ایجوکیشن یونٹ اور دیگر کلیدی شعبہ جات شامل تھے۔ شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز، ڈیجیٹل لائسنسنگ اور جرمانوں کے خودکار نظام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔فرینڈز آف پولیس نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی تکنیکی پیشرفت، شفافیت اور شہری سہولیات کو سراہتے ہوئے ادارے کے ساتھ مل کر ٹریفک قوانین کے نفاذ، آگاہی مہم اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ پروگرام مرحلہ وار آگے بڑھے گا جس کے دوران طلباء کو اسلام آباد پولیس کے دیگر ڈویژنز، جن میں سکیورٹی، کرائم انویسٹی گیشن اور کمیونٹی پولیسنگ شامل ہیں، کا بھی دورہ کرایا جائے گا تاکہ وہ پولیسنگ کے وسیع تر دائرہ کار کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کا یہ اقدام نوجوان نسل کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جوڑنے اور شہری شعور اجاگر کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594380