27.9 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںاسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی ممتاز لیکچر سیریز کے تحت "ڈیٹا...

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی ممتاز لیکچر سیریز کے تحت "ڈیٹا اور پالیسی سازی میں اس کا کردار”کے موضوع پر لیکچر کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) نے اپنی ممتاز لیکچر سیریز (ڈی ایل ایس) کے تحت جمعرات کو ایک اہم لیکچر کا انعقاد کیا جس کا عنوان "ڈیٹا اور پالیسی سازی میں اس کا کردار” تھا ۔ یہ لیکچر پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے چیف سٹیٹیشن ڈاکٹر نعیم ظفر نے دیا۔ اس تقریب میں معروف ماہرین، پالیسی سازوں، ریسرچرز اور دانشوروں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز آئی پی آر آئی کے صدر سفیر ڈاکٹر رضا محمد کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔

انہوں نے ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں ہے، بلکہ یہ پالیسی سازی، فیصلہ سازی اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد ہے۔ بغیر ڈیٹا کے ہماری رائے محض ایک ذاتی خیال بن کر رہ جاتی ہے جس کی کوئی سائنسی یا عملی بنیاد نہیں ہوتی۔ انہوں نے ڈاکٹر نعیم ظفر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے تحت ان کی قیادت میں ملک میں ڈیٹا کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ڈاکٹر نعیم ظفر نے اپنے لیکچر میں ڈیٹا کی اہمیت، اس کے حصول کے طریقہ کار اور پالیسی سازی میں اس کے استعمال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا ہماری ترقی کا بنیادی ستون ہے، یہ نہ صرف ہمیں موجودہ حالات کا درست تجزیہ کرنے میں مدد دیتا ہے، بلکہ مستقبل کی راہیں بھی متعین کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل میں درپیش چیلنجز پر بھی بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ معیاری ڈیٹا کے بغیر کوئی بھی پالیسی یا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ملک بھر میں ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اسے مربوط بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر شہری تک درست اور قابل اعتماد ڈیٹا پہنچے تاکہ ہماری پالیسیاں اور فیصلے عوامی مفاد میں ہوں۔

- Advertisement -

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے نہ صرف وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوتا ہے، بلکہ اس سے معیشت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیٹا کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری کو یہ اعتماد ہو کہ ہمارے پاس موجود ڈیٹا درست اور قابل اعتماد ہے۔ ڈاکٹر ظفر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیٹا کو صرف اکٹھا کرنا کافی نہیں ہے، بلکہ اسے موثر طریقے سے استعمال کرنا بھی ضروری ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم ڈیٹا کو پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کا ایک اہم حصہ بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر سفیر ڈاکٹر رضا محمد نے اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر نعیم ظفر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کا لیکچر ہمیں یہ باور کراتا ہے کہ ڈیٹا ہماری ترقی کا ایک ناگزیر حصہ ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے فیصلوں کو ڈیٹا پر مبنی بنائیں تاکہ ہماری پالیسیاں زیادہ موثر اور دیرپا ہوں۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ڈیٹا کی اہمیت کو سمجھیں اور اسے اپنے کاموں میں استعمال کریں۔تقریب کے آخر میں شرکا سے سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا اور آئی پی آر آئی کی جانب سے ڈاکٹر نعیم ظفر کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں