اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات

90

اسلام آباد ۔ 19 نومبر (اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر احمد حسن مغل کی قیادت میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی۔ پیر کو ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی، چیمبر کی ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین خالد ملک اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان کاروباری و اقتصادی ترقی کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے جس کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں پائے جانے والے کاروبار و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان برآمدات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے حکومتی سطح پر دیگر ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تا کہ بیرونی ممالک سے لوگ پاکستان آئیں اور اس کی کاروباری صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو مزید موثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے جس سے پاکستان بہتر طریقے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرسکتا ہے۔