اسلام آباد کو سگر یٹ نو شی سے پاک علاقہ بنانے کی تمام ممکن کوششیں کر رہے ہیں :عامر محمود کیانی

195

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سر وسز، ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ حکومت اوروزارت قومی صحت اسلام آباد کو سگر یٹ نو شی سے پاک علاقہ بنانے کی تمام ممکن کوششیں کر رہی ہے جوکہ عوام کے لیے صحت بخش ماحول اور حسن کے لحاظ سے دنیا کا خو بصورت ترین دارالحکومت ہے ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان مانو منٹ اور لو ک ورثہ کو ٹو بیکو سموک فر ی زون بنانے بارے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پبلک مقامات، ہیلتھ کیئر اداروں تعلیمی اداروں اور پبلک ٹراسپورٹ میں سگریٹ نو شی نہ ہونے کو یقینی بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ ان مقامات پر عوام کو صحت افزاء اور سگریٹ نو شی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے اور وہ سگریٹ نو شی کے دھو ئیں سے متاثر نہ ہوں اور ہماری آنے والی نسلوں کو سگریٹ نوشی کے مضر اثرات سے نجات ملے۔ وفاقی وزیر قومی صحت سر وسز نے کہا کہ آج اسلام آباد میں 214 پبلک مقامات سمو ک فری ہیں ۔ اس طرح حکومت عوام کو مہلک امر اض سے بچانے کے لیے اقدامات کا آغاز کر چکی ہے۔ کیونکہ پاکستان دنیا کے ان 15ممالک میں شامل ہے جہاں پر سگریٹ نو شی کے باعث صحت کو پہنچنے والے نقصانات کا معیشت پر بڑا بوجھ ہے۔ جبکہ 2014ء کے ٹوبیکو سر وے کے مطابق 14ملین پاکستانی بالغ افراد کی نہ کسی شکل میں تمباکو نوشی کرتے ہیں جبکہ نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کی شرح 10.7فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستانیوں خصو صاًنوجوانوں کی صحت کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کر رکھا ہے اور وزارت قومی صحت سر وسز نے سگر یٹ کی طلب اور اس میں کمی کے لیے اقدامات کئے ہیں اورکھلی سگریٹوں کی فروخت پر پابندی، سگریٹ کی ڈیبہ پر مضر اثرات بارے انتباہ کے سائز کو 50سے بڑھا کر 60فیصد کر نا اور شیشے کی درآمد پر پابندی جیسے اقدامات کئے گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں سگر یٹ نوشی کے خاتمہ بارے اقدامات کی مانیٹر نگ اور عمل درآمد ضلعی کمیٹی کے اراکین اور تمام شر اکت داروں کو بھی سراہا جنہوں نے ٹیکنکل رہنمائی ، افرادی قوت کی فراہمی یا قانون کے نفاذ کے لیے تعاون کیا۔