اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان کا تقریب سے خطاب

92
اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے بچوں اور بچیوں کو سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے تمام ممکن وسائل مہیا کرے گی۔وہ منگل کو اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کرنے کی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ اور رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان بھی شریک تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے ان سہولیات سے صرف نجی تعلیمی اداروں کے طلباء استفادہ کر رہے تھے، لیکن اب وفاقی تعلیمی اداروں کے بچے بھی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے بچے اور بچیاں ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے تو ملک میں ایک صحت مند سپورٹس کلچر فروغ پائے گا، بچپن سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی عادت صحت مند اور متوازن زندگی کی بنیاد رکھتی ہے۔

مشیر بین الصوبائی رابطہ نے اس پروگرام کے آغاز پر وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی اور ڈی جی سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ یہ سہولیات اسلام آباد کے ہر سرکاری تعلیمی ادارے کے طالب علم تک پہنچنی چاہئیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ اس ضمن میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری سکولوں کے طلباء کو براہ راست کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔

ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے کہا کہ طلباء کی بڑی تعداد کو دیکھ کر انہیں اپنا سکول کا زمانہ یاد آگیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری سکولوں کے 25 ہزار طلباء میں ٹریک سوٹس، جاگرز اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جائے گا، ہر طالب علم کو اپنی پسند کے کھیل میں شرکت کا موقع ملے گا اور پاکستان سپورٹس بورڈ انہیں پیشہ ور کوچز بھی فراہم کرے گا۔یاسر پیرزادہ نے مزید بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران طلباء کے لیے خصوصی سپورٹس سرگرمیوں کا شیڈول بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے ابتدائی دن سے ہی ہدایت دی تھی کہ سپورٹس بورڈ کی سہولیات عام افراد کے لیے بھی دستیاب ہونی چاہئیں۔تقریب کے اختتام پر رانا ثناء اللہ خان نے اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات میں سپورٹس کٹس اور ٹریک سوٹس تقسیم کیے۔