اسلام آباد، 9 محرم کو سکیورٹی کے لیے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات

65
security on 9th Muharram
security on 9th Muharram

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ویں محرم کے مرکزی جلوس کے لیے ایک جامع سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی ، جس کے تحت ضلعی پولیس، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔جلوس کی نگرانی سیف سٹی کمانڈ سینٹر، 3000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل کمانڈ اینڈ مانیٹرنگ یونٹس کے ذریعے بھی کی جائے گی۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ جلوس کے پورے روٹ کی نگرانی اسلام آباد سیف سٹی کے انفراسٹرکچر کے ذریعے کی جائے گی، جس میں 3,000 سے زیادہ ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے شامل ہیں جو پورے راستے میں حکمت عملی کے ساتھ لگائے گئے ہیں۔

مزید برآں فیلڈ افسران کی مدد کے لیے موبائل کمانڈ اور مانیٹرنگ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں جو لائیو فیڈ کی صلاحیتوں اور جدید مواصلاتی نظام سے لیس ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاردار تاریں اور حفاظتی رکاوٹیں لگا کر راستے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی غیر مجاز رسائی کو روکنے اور شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی جلوس کے گرد تین پرتوں پر مشتمل حفاظتی شیلڈ بنائی گئی ہے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ جلوس کے راستے میں چھتوں پر سنائپر کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کیا جا سکے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں جدید سراغ رساں آلات کا استعمال کرتے ہوئے راستے کو صاف کریں گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جلوس کے اندر اور اس کے آس پاس پرائیویٹ ڈرونز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ نگرانی کو موثر اور غیر مجاز سرگرمی کو روکا جا سکے۔آئی جی نے مزید وضاحت کی کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی خصوصی ٹیمیں، رینجرز اور ضلعی پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ جلوس کے اگلے اور پچھلے حصوں کو محفوظ بنائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پولیس افسران اور خواتین رضاکار خواتین کے داخلے کے مقامات پر حفاظتی چیکنگ کا انتظام کریں گی، خواتین شرکاء کے لیے باعزت اور محفوظ رسائی کو یقینی بنائیں گی۔

آئی جی نے زور دے کر کہا کہ جلوس میں داخلے کی اجازت صرف مقررہ راستوں سے دی جائے گی اور کسی کو متبادل راستوں سے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس حساس موقع پر سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے تصدیق کی کہ جلوس کے راستے میں اور اس کے ارد گرد گاڑیوں کی پارکنگ پر سختی سے پابندی ہوگی تاکہ رکاوٹ اور کسی بھی ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں گاڑیوں کی ہموار روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک تفصیلی متبادل ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔