اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی): اسلام آباد میں بارش کے باعث کسی بھی ممکنہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں الرٹ کردی گئی ہیں ۔
بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی خصوصی ہدایت پر بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اسلام آباد انتظامیہ متحرک ہے اورمحکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق اسلام آباد میں آنے والے دنوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں جس کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنرز اور ریسکیو ایم سی آئی کو عملے کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا مزید کہنا ہے کہ پیشگی اقدامات کی بدولت اس وقت ای الیون ، جی نائن ، ایچ تیرہ، آئی نائن ، ایف سیون اورجی سیون کی کچی آبادیوں سے گزرنے والے نالوں میں پانی کی سطح نارمل اور کنٹرول میں ہےاور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں۔