راولپنڈی۔6مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)10 کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم قیادت مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کر رہے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم پاکستان سپر لیگ 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا چھبیسواں میچ (کل)بروز بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ رات 8 بجے شروع ہو گا۔ کرکٹ شائقین ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل کریں گے ۔ گلیڈی ایٹرز اب تک 8 میں سے 5 میچز جیت چکی ہے اور 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ آل راؤنڈر شاداب خان کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔ یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز میں سے 5 میں فتح حاصل کی ہے اور 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ جیت کی صورت میں کوئی بھی ٹیم پلے آف مرحلے میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔
دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور بیلنس کو دیکھتے ہوئے ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جب کہ شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور پی سی بی حکام کے مطابق اسٹیڈیم کے اطراف اور داخلی راستوں پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شائقین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ پی ایس ایل کے شائقین کی نظریں اس بڑے مقابلے پر مرکوز ہیں، جو نہ صرف ٹیبل کی پوزیشن بلکہ ٹیموں کے حوصلے اور اعتماد کے لیے بھی فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593091