اسلام آباد، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں گرین یوتھ موومنٹ کلب کی کابینہ کی تقریب حلف برداری

228
Mirza Muhammad Afridi
Mirza Muhammad Afridi

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے گرین یوتھ موومنٹ کلب کی کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب اسلامی یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں منعقدہ ہوئی ۔کابینہ میں آبی تحفظ، شجرکاری، توانائی کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی سیاحت کے موضوعات کے حساب سے طالبات کو ذمہ داریاں دی گئیں۔ حلف اٹھانے والی طالبات صدر، نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری، فنانس سیکرٹری اور میڈیا سیکرٹری کے عہدوں پر فائز ہوں گی۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لئے نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ اور فعال شمولیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرہ ارض کی بہتری اور اس کے ماحول کی حفاظت کے لئے نوجوانوں کا رضاکارانہ کام موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ثمر آور ثابت ہو گا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ماحولیات اور موسمیاتی تحفظ کے حکومتی اقدام کا حصہ بنیں اور اس مقصد میں فعال کردار ادا کریں۔

سینیٹر فوزیہ ارشد نے مہمان اعزازکی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں سینکڑوں طالبات کی شرکت اس مہم کی کامیابی کی علامت ہے کیونکہ تحفظ ماحولیات میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے دوسرے لوگوں کی طرح ہماری قوم کو بھی ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج کا سامنا ہے ، اس ملک کے نوجوان ہی اس چیلنج سے نمٹنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے اس اقدام کے لئے تقریباً 140 یونیورسٹیوں کی خصوصی معاونت ایک قابل تعریف ا قدام ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ پارلیمنٹ کے ایوان ماحول کے تحفظ کے لئے نوجوانوں کے خیالات اور اقدامات کی حمایت کے لئے دستیاب ہوں گے۔

یونیورسٹی کے نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر ایاز افسر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا نوجوانوں کے ذریعے کرہ ارض اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنا حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی اور اس کے پائیدار استعمال کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کو بچانے کے لیے انسانوں کو اپنے رہن سہن کا خیال رکھنا چاہیے۔