اسلام آبادمیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 366 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، این سی او سی

88
اندرونِ ملک پروازوں،ریل گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، این سی او سی

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 366کیسز رپورٹ ہوئے جو تین ماہ کے دوران کسی ایک دن سب سے زیادہ اضافہ ہے۔این اسی او سی کے حکام نے اتوارکو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 366 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،ہفتے کو 354 جبکہ جمعے کو 299 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے 110,963 کیسز اور 969 ​​اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ 107,969 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔دریں اثنا، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی ہدایت پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے انفیکشن کی منتقلی کو کم کرنے کے لیے دارالحکومت کے مختلف علاقوں کی نگرانی جاری رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنی معائنہ ٹیموں کے ذریعے شادی ہالوں، بازاروں اور پٹرول پمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی شروع کردی ہے۔انتظامیہ کو دکانوں، ورکشاپوں اور ریستورانوں پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔

انسپکشن ٹیموں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں مختلف دکانوں کے مالکان پر جرمانے عائد کرنے کے علاوہ شادی ہالز کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس میں اضافہ روکنے کے لیے سماجی فاصلے میں کمی، ماسک کے استعمال اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں۔