اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، وفاقی وزیر انسانی حقوق کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب

52
اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، وفاقی وزیر انسانی حقوق کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب
اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، وفاقی وزیر انسانی حقوق کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اقلیتوں کو ذاتی حقوق فراہم کیے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو خواتین کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کانفرنس کا اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کونسل جامعہ اشرفیہ اور ڈیوسز آف پشاور، چرچ آف پاکستان نے کیا تھا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ آئین میں دیئے گئے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت نے درست حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کا سب سے کمزور طبقہ خواتین اور اقلیتیں ہیں جن کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں کہا کہ اسلام ہمیں تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اقلیتوں کو پرسنل قوانین فراہم کئے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہم نے ہندو میرج بل، کرسچین میریج بل اور طلاق بل تیار کئے ہیں جس میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ بہت سے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اینٹی ریپ آرڈیننس، جبری مذہب کی تبدیلی اور جبری شادیوں کے بل سمیت خواتین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موجودہ حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اصلاحاتی عمل میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، انبیانے امن اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان غیرمسلموں کو بھی مساوی حقوق فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام میں جبری شادیوں کا کوئی تصور نہیں ہے۔ کانفرنس میں مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے منتظمین میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔