اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے جمعرات کو ترک سفارتخانہ میں مذہبی امور کے قونصلر ڈاکٹر عبدالرحمان آق کوش نے ملاقات کی جس میں دینی علوم اور رفاہی منصوبوں کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان کا ترکیہ کے ساتھ اسلامی بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے، خوشی ہے کہ ہماری حکومتیں باہمی تعلقات کو سیاسی، اقتصادی، دینی و ثقافتی میدانوں میں فروغ دے رہی ہیں، امت مسلمہ کے مسائل، اسلامو فوبیا، کشمیر و فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ترکیہ کے دو ٹوک موقف کی قدر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حافظ قرآن اور دینی علوم کے ماہر قونصلر مذہبی امور کی پاکستانی میں تعیناتی ترکیہ حکومت کا احسن قدم ہے، ترکیہ کی دیانت فائونڈیشن کی جانب سے رمضان پیکیج، قربانی، صحت ، تعلیم اور پانی کی منصوبوں پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے 2005 کے زلزلے کے بعد بحالی اور رفاہی کاموں میں بہترین کام کیا، زلزلہ کے دوران بطور ڈسٹرکٹ ناظم مانسہر ہ ترکیہ حکومت کے پرخلوص تعاون کا عینی شاہد ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں یکساں رویت ہلال کے مسئلے پر مشاورت کر سکتے ہیں۔
ترکیہ کے سفارتکار نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دینی تعلیم، صحت اور رفاہی کاموں میں تعاون کا دائرہ کار مزید بڑھانا چاہتے ہیں، دیانت فائونڈیشن یتیم بچوں کے لئے ایک ہزار سکول بیگ ، ایک سو اعلیٰ تعلیمی وظائف، سیرت رسائل تقسیم کر تی ہے، نادار افراد کے لئے رمضان پیکیج، قربانی گوشت کی تقسیم ، پانی کے کنوؤں کا انتظام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کا فتوی کمیشن جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور علمائے کرام سے ملاقاتیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سردار محمد یوسف کی امت مسلمہ کے لئے فکر مندی لائق تقلید ہے ۔