اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، او آئی سی کا ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بارے آگاہ کیا
فلسطین کے نصب العین، مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امن کی بحالی اور استحکام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ
اقوام متحدہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مانیٹرنگ اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس کے دوران او آئی سی کے کنٹیکٹ گروپس کی رپورٹس کی منظوری دی گئی جس میں جموں و کشمیر کے بارے میں رپورٹ بھی شامل ہے۔