اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین برہیم طحہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

144
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین برہیم طحہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین برہیم طحہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جو یہاں 19 دسمبر 2021 کو منعقد ہو رہاہے جس کا مقصد افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

جمعرات کو سیکرٹری جنرل کی وفاقی دارلحکومت آمد پر ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا جب کہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔دارالحکومت پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، سیکرٹری جنرل حسین برہیم طحہ نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کو تمام مسلم ممالک کے لیے ایک ‘اہم’ فورم قرار دیا جس میں انسانی بحران کے دھانے پر کھڑے افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے صلاح ومشورہ اوراامداد کی فراہمی کے طریقے تلاش کیے جائیں گے۔

انہوں نے مسلم ممالک کو افغان عوام کی مدد کے اقدامات پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان کو سراہا اور 15 اگست کے بعد طالبان کے قبضے کے بعد ملک چھوڑنے والے غیر ملکیوں کو نکالنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان افغانوں کی بہتری کے لیے مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جیسا کہ ماضی میں کرتا رہا ہے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ افغانستان کے عوام کے لیے مسلم ممالک کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے عوام کی فلاح و بہبود میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، اجلاس سے ’مثبت نتائج‘ کی امید ہے۔