اسلامی ممالک کا اتحاد ہی مسئلہ فلسطین و کشمیر، اسلامو فوبیا سے پیدا ہونے والی صورتحال و دیگر مسائل سے نکال سکتا ہے، حافظ طاہر محمود اشرفی

99
حافظ طاہر محمود اشرفی کی ضلع باجوڑ میں پولیس اہلکاروں پردہشتگردانہ حملےکی مذمت
حافظ طاہر محمود اشرفی کی ضلع باجوڑ میں پولیس اہلکاروں پردہشتگردانہ حملےکی مذمت

لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کا اتحاد ہی مسئلہ فلسطین و کشمیر، اسلامو فوبیا سے پیدا ہونے والی صورتحال و دیگر مسائل سے نکال سکتا ہے۔ ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مغرب کی جانب سے قرآن کریم کی توہین کے سلسلے کیخلاف آواز اٹھا کر دو ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔سعودی عرب کو بحیثیت سربراہ او آئی سی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تین اسلامی ممالک ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کے اوراق کو نذر آتش کرنے کے معاملے پر اقوام عالم کو خبردار کیا کہ مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا سمیت نسل پرستی کی لہر طاعون کی طرح پھیل رہی ہے۔ ناپاک جسارتوں کا یہ سلسلہ اب ناقابل برداشت حدوں تک پہنچ چکا ہے جو ناصرف بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے

بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ناپاک جسارتوں کے سلسلے سے پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات برانگیختہ ہیں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور امیر قطر تمیم بن احمد الثانی نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر یہ مسئلہ اٹھا کر امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب او آئی سی کا سربراہ ہے، اسے مسئلہ کشمیر و مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔