اسلامی ممالک کے سفراءکا بھوک ہڑتال کرنے والے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے منعقد تقریب سے خطاب

91

عالمی اقوام متحدہ اور مسلم ممالک برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے اپنا کردار ادا کریں
اسلامی ممالک کے سفراءکا بھوک ہڑتال کرنے والے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے منعقد تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) مسلم ممالک مصر، اردن، کرغزستان، آذربائیجان، ملائیشیا، شام، ترکی، عمان، بوسنیا، سوڈان، الجزائر، کویت اور دیگر ممالک کے سفراءنے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ منگل کو نیشنل پریس کلب اور سنٹر آف پاکستان فار انٹرنیشنل ریلیشن کے زیراہتمام تقریب منعقد کی گئی جس میں 6 ہزار 500 فلسطینی قیدیوں پر اسرائیلی مظالم سے متعلق ڈاکو منٹری دکھائی گئی۔ فلسطینی سفارتخانے کے سینئر اہلکار یاذن ابو علی نے بتایا کہ چھ ہزار پانچ سو کے قریب فلسطینی اسرائیل میں قید ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ ان قیدیوں پر نہ صرف غیر انسانی مظالم کئے جا رہے ہیں بلکہ انہیں طبی سہولیات بھی نہیں دی جا رہی اور ان کو اپنے خاندانوں سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان قیدیوں نے 17 اپریل سے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے تاکہ عالمی ضمیر جاگے، اس بھوک ہڑتال کو 23 دن گزر چکے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباﺅ ڈالے کہ فلسطینی قیدیوں کو ان کے بنیادی حقوق، عالمی قوانین کے مطابق فراہم کئے جائیں۔