اسلامی نظریاتی كونسل كے چیئرمین ڈاكٹر قبلہ ایاز کا پیغام پاکستان اعلامیہ سینیٹ و قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر اظہار تشکر

96
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):اسلامی نظریاتی كونسل كے چیئرمین ڈاكٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی تجویز پر پیغام پاکستان کا اعلامیہ اور بیانیہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیش ہونا ایک بہت بڑا قدم ہے۔

بدھ کو جاری پریس ریلز کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امورڈاکٹر بابر اعوان کا پیغام پاکستان کا اعلامیہ اور بیانیہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے سانحہ سیالکوٹ کے بعد 20دسمبر کو اپنے خصوصی اجلاس میں اس بات پر زور دیا تھا کہ ملک میں تشدد اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے رجحان کی حوصلہ شکنی اسی صورت میں ممکن ہے کہ علماء کرام اور مدارس بورڈز کی طرف سے متفقہ طورپر منظور شدہ پیغام پاکستان اعلامیہ کو پارلیمانی تائید دلائی جائے اور بوقت ضرورت اسی اعلامیہ کی روشنی میں مناسب قانون سازی بھی کی جائے۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے بدھ کو بابر اعوان کو پیغام پاکستان پر تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات پر اظہار تشکر کیا کہ پارلیمانی تائید کے لئے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے ذریعے پاکستان کا ایک نیا اور پرامن رخ سامنے آئے گا اور تشدد اور مذہب کے مقدس نام کے غلط استعمال کا سدباب ممکن ہو جائے گا۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نےاس امر پر شکریہ ادا کیا کہ قانون سازی کے معاملات میں کونسل کے ساتھ مسلسل مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے۔