اسو ہ رسولﷺ کل کائنات کے لئے مشعلِ راہ ہے ، بارہ ربیع الاول اپنے نبی رحمت ﷺسے تجدید وفا کا دن ہے ، ڈاکٹر نورالحق قادری

183

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں سندر شریف میں پیغام پاکستان و ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس کی صدارت پیر سید محمد حبیب عرفانی چشتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ عرفانیہ چشتیہ سندر شریف ممبر اسلامی نظریاتی کونسل نے کی جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر ڈاکٹر نورالحق قادری کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے ۔

اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ حکومتِ پہلی بار امتیازی طور پر میلاد النبیﷺ اور عشر رحمت العالمین ﷺمنا رہی ہے ، سارے ملک میں اس حوالے سے فکری و روحانی محافل و مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے، وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت بھی نہایت مربوط انداز میں ربیع الاول اور میلاد کے ایام مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے تاکہ سیرتِ طیبہ کی روشنی ہر طرف پھیل جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے نبی رحمت ﷺسے وفا کی تجدید کے دن ہیں، یہ دن مناتے ہوئے ہم دشمنوں کو بتاتے ہیں کہ کوئی ہمیں اپنے نبی ﷺکے درِ پاک سے جدا نہیں کر سکتا ، ہمارے نبی ﷺکی ناموس کے خلاف نامناسب حرکات کرنے والے سن لیں کہ ہمیں اپنے نبی ﷺکے درِ پاک سے کوئی ہٹا نہیں سکتا ،پوری کائنات میں ہمارے نبی ﷺکے سوا کوئی اور رول ماڈل نہیں ہے،ہم اپنے نبی ﷺکا نامِ نامی سدا بلند رکھیں گے اور ان کا ذکرِ پاک ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔

انکا کہنا تھا کہ اسو ہ رسول کل کائنات کے لئے مشعلِ راہ ہے ،ہمارے نبی ﷺکی شان ہے کہ بعثت اور اعلانِ نبوت سے قبل بھی وہی صداقت اور امانت کی پہچان تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان بذاتِ خود اس دھن میں رہتے ہیں کہ ہر حال میں نوجوانوں میں خوفِ خدا اور اپنے نبی ﷺکی شانِ عظیم کا احساس ہمہ وقت اجاگر رہے ،تاکہ قوم کے بچوں کی بہترین اصلاح اور فکری و روحانی تربیت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا کے مختلف ممالک میں بارہ ربیع الاول کا دن گزارا ہے،تمام ممالک میں بارہ ربیع الاول کا دن اپنے انداز سے عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ مغربی دنیا ہمیں جس در سے ہٹانا چاہتے ہیں ہم ہمیشہ اسی در پر پڑ رہیں گے ،دنیا میں اخلاق اور شخصیت کا مجسمہ اگر کوئی ذات ہے تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عشرہ رحمت اللعالمین ﷺپر بھرپور توجہ دے رہے ہیں ، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے بچوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی طرف لیکر جائیں،جب تک ہمارے بچے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل نہیں کریں گے تو تب تک نجات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی معراج نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہیں،ہمیں اس ماہ میں یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام مذاہب کا احترام کیا،بہت سے لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کے حسن سلوک سے دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔

کانفرنس میں ملک بھر کے علما کرام ومشائخ عظام ،دیوان احمد مسعود فاروقی ، دیوان عظمت سہد محمد فاروقی ، پیر عابد نعمانی پانی پتی ، وفاقی وزیر علی محمد خان ،صوبائی وزیر اوقاف پیر سید الحسن شاہ ، وابستگان سندر شریف کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی اور رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس سے خطاب کیا ۔