اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے نگران وزیر اعظم نامزد ہونے پر انوار الحق کاکڑ کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی۔اسپیکر نے کہا کہ قوم کو آپ کی دانش پر اعتماد ہے اور جمہوریت کے تسلسل کی امید آپ سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کی بطور نگران وزیر اعظم تقرری جمہوریت کے لیے نیک فال ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے نگران وزیر اعظم کا انتخاب وفاق کو مضبوط کرے گا اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ انوار الحق کاکڑ کی بطور وزیر اعظم تقرری سے بلوچستان کی احساس محرومی کا ازالہ ہو گا اور صوبے اور وفاق کے مابین ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا۔نامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور پائیدار جمہوریت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔راجہ پرویز اشرف نے نگران وزیر اعظم کی کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔