لالہ موسیٰ ۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریس باقاعدگی سے مارکیٹس کی مانیٹرنگ یقینی بنا رہے ہیں۔ڈی سی گجرات صفدر ورک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے، گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامی کی سخت نگرانی کی جائے اور ریٹ لسٹ بروقت جاری کی جائے، دکاندار حضرات ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں کریں،قیمت پنجاب ایپ پر موصول شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر محمد اکمل سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اس موقع پر موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں گرانفروشوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، رواں ماہ کے دوران312 گراں فروشوں کے چالان کرکے ان پر 9 لاکھ49ہزارجرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ6گراں فروشوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالہ پولیس کیا گیا، اسی طرح ماہ اگست کے دوران 590 گراں فروشی کے مرتکب افراد پر 22 لاکھ 63 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا،
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ ماہ ستمبر کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر4793بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کی، اس دوران312دکاندار گراں فروشی، ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے کے مرتکب پائے گئے جبکہ مختلف علاقوں میں اشیائے ضروریہ غیر قانونی ذخیرہ کرنے والے6ناجائز منافع خور پکڑے گئے،ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ کسی فرد کو گران فروشی و ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔