اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سےپنجاب پہنچائےگئےہیں، وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ

61
خاتون مجسٹریٹ، آئی جی اور ڈی آئی پولیس کو دھمکی دینے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ خاں

اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو 17 جولائی کو دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں،عمران خان الیکشن ہار چکا ہے، اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے سابق وزیر اعظم عمران اور اس کے ٹائیگرز کو خبردار کیا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہیں، ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا ،اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں،حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا منصوبہ ہے ،پرویز خٹک، اسد قیصر ،علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا ،پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے ، عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون حرکت میں آئے گا،صاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔