اغوا کیس میں جعلی پولیس اہلکار گرفتار، یرغمالی کو بازیاب کرا لیا گیا، اسلام آباد پولیس

7

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے ہفتے کے روز بنی گالہ کے علاقے میں ایک مربوط کارروائی کے دوران 3 جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے ایک مغوی شخص کو بازیاب کرالیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت خالد محمود، محمد ظفر اور جمیل احمد کے ناموں سے کی گئی ہے جنہوں نے خود کو قانون نافذ کرنے والے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے ایک شہری کو مبینہ طور پر اغوا کیا تھا۔

پولیس نے چھینی گئی گاڑی، ہتھکڑیاں، پولیس یونیفارم، فیس ماسک، ایک وائرلیس سیٹ، ہتھیار، گولہ بارود اور جرم میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی۔ پولیس ٹیم کے فوری اور موثر جواب کو ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس محمد جواد طارق نے سرا ہتے ہوئے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے، شہریوں کی جان و مال کو خطرہ میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور عزت پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔