اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ افتخار علی ملک کی سارک چیمبر کے صدر کے طور پر خدمات اور کامیابیاں قابل ستائش ہیں ، ان کی رہنمائی میں تنظیم نے قابل ذکر ترقی اور اہم سنگ میل عبور کیے ہیں،شراکت داری قائم کرنے، مکالمے میں سہولت فراہم کرنے اور آگے بڑھنے کے عزم نے علاقائی اقتصادی انضمام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے،
ان کی نمایاں کامیابیاں بزنس لیڈرز کے لیے ایک تحریک کا کام کرتی رہیں گی اور آنے والے برسوں میں سارک چیمبر ان سے استفادہ کرتا رہے گا، اتوار کو یہاں افتخار علی ملک کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں ان کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے چوہدری سرور نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے دو سالہ مدت کامیابی سے مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لگن، مہارت اور غیر معمولی قیادت نے سارک چیمبر اور ریجن کی کاروباری برادری پر دیرپا اثرات چھوڑے ہیں۔
افتخار علی ملک نے اپنے دور میں علاقائی تعاون اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ سارک خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے آپ کی انتھک کوششوں نے پائیدار ترقی اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے وژن اور دوراندیشی کے بل پر سارک کے کاروباری منظرنامے میں متعدد مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔