افریقا وسائل سے مالا مال اور تیزی سے بڑھتی مارکیٹ ،اس میں پاکستان کےلئے کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

127
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔17اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ افریقا وسائل سے مالا مال اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں پاکستان کےلئے کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

منگل کو یہاں سٹریٹجک تھنک ٹینک گولڈ رنگ اکنامک فورم کے زیراہتمام ”پاکستان اور افریقا کی صلاحیت“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براعظم افریقا معاشی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور کئی ممالک مختلف شعبوں میں قابل ذکر پیش رفت دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی، شہر کاری اور تکنیکی ترقی کی وجہ سے افریقا اشیااور خدمات کی بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے اور پاکستانی کاروباری اداروں کےلئے اپنی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور مہارتوں کو متعارف کرانے کے لیے یہاں بہترین اور سازگار ماحول اور مواقع میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، صحت، ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون کرکے ہماری بزنس کمیونٹی اس ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں خاطر خواہ فوائد حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ جرات مندانہ اقدامات اٹھائیں اور غیر معروف خطوں اور مارکیٹوں کی تلاش کریں اور افریقا میں پاکستان کو ایک مضبوط اقتصادی شراکت دار کے طور پر متعارف کرائیں۔

مہر کاشف یونس، جو پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ افریقی بزنس مین رقم کے بدلے اچھی اشیا، سروسز اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ افریقا میں مقامی کاروباری اداروں اور افراد کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کرکے اس مارکیٹ میں رسائی کو آسان اور خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے، اس سے مقامی کاروباری منظر نامے کو سمجھنے اور ان کی ڈیمانڈ کے مطابق مصنوعات اور خدمات مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔