لاہور۔26اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ، افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے ، وزیر خارجہ کا دورہ افغانستان مثبت رہا ،سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں داتا دربار حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے،خطے میں افغانستان اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ،افغانستان کے امن میں پاکستان کا امن چھپا ہے جبکہ افغانستان میں بد امنی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے نقصان دہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہے ، پاکستان میں ہونی والی دہشت گردی میں بڑا ہاتھ بھارت کا ہے جبکہ 70 فیصد افغانستان ملوث ہے،بھارت کو پہلے کینیڈا اورلندن سے ناکامی ہوئی اور اب پاکستان سے بھی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کی زمین پاکستان کے ساتھ سی پیک کے خلاف بھی استعمال ہو رہی ہے جس سے براہ راست چائنہ متاثر ہو رہا ہے، سی پیک جیسے اہم منصوبے کے خلاف سازش قابل مذمت ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغانیوں سے ہمارے جو ایشوز ہیں ان پر بات چیت اور پرامن حل کیلئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ دنوں افغانستان کا دورہ بھی کیا اور افغان حکومت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل پر گفتگو کی اور پاکستان کی طرف سے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہاکہ مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنائیں، تجارت میں وسعتیں پیدا کریں اور ایک دوسرے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مذاکرات کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت صوبے میں ترقیاتی کاموں میں سنجیدہ نہیں ،اس کا اصل ٹارگٹ اپنی پارٹی قیادت کو بچاناہے، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ صوبے کے وسائل کو عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کے بجائے پارٹی کے جلسے جلوسوں پر استعمال کر رہے ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا کہ عوام ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ صوبے میں امن اور سکون بھی چاہتے ہیں،صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات اور امن کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں علی امین گنڈا پور پوری طرح ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں امن کی صورتحال خراب ہے ، صوبائی حکومت صوبے میں امن قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں، کرک کے علاقہ کا پچیس کلومیٹر سٹرک کا راستہ بھی نہیں کھلوا رہی،پی ٹی آئی گذشتہ گیارہ سال سے کے پی کے میں حکومت کر رہی ہے لیکن وہاں پر عوام کو تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی کوئی سہولت میسر نہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کا واقعہ بھارت نے خود کرایا ہے،بھارت کی اپنی فوج اور ایجنسیاں خود اس میں شامل ہیں اس واقعہ کا بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر لگا دیا جو بھارت کا پرانا وطیرہ ہے ،پاکستان امن کا داعی ہے اور اس نے ہمیشہ دہشت گردی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی ہے ۔
ایک اورسوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت جو کام کررہا ہے وہ بھی آپ کے سامنے ہیں ،بھارت اپنا گند پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کررہا ہے ،پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے ، پوری پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پہلے بھی باڈر پار کیا تو بھارت کو منہ توڑ جواب ملا اب بھی اگر اس نے ایسی کارروائی کرنے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588197