38.8 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومتازہ ترینافغانستان میں امن اور ترقی، علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے، وزیر...

افغانستان میں امن اور ترقی، علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات

- Advertisement -

تہران۔26مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ افغانستان میں امن اور ترقی، علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے، دونوں فریقین نے باہمی مشاورت کے ذریعے ایران پاکستان پائپ لائن منصوبے کے جلد از جلد حل کا عزم کیا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔

وزیرِاعظم صدر پزشکیان کی دعوت پر ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔وزیراعظم کو ایوان صدر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے گارڈ کا معائنہ کیا اور پھر دونوں رہنماؤں کی قیادت میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران تشویش ظاہر کرنے اور خطے میں امن کے لیے ثالثی کی پیشکش پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو بھارتی توسیع پسندانہ مقاصد کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی تعلقات کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی خطے کے لیے ایک خطرہ ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان، دونوں بیرونی عناصر کے عزائم سے پوری طرح آگاہ ہیں، دونوں ممالک کو دہشت گردی کی عفریت سے لڑنے کے لیے اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل اس کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق خطے میں امن و استحکام لانے کے لیے اہم ہے۔

صدر پزشکیان نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں امن اور ترقی، علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے۔وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے اور تجارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے باہمی مشاورت کے ذریعے ایران پاکستان پائپ لائن منصوبے کے جلد از جلد حل کا عزم کیا۔وزیراعظم نے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کی، دو ریاستی حل کی راہ ہموار کرنے، اسرائیل کی نسل کشی اور تباہ کن پالیسیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔وزیرِ اعظم نے صدر مسعود پزشکیان کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601636

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں