افغانستان میں سلامتی کی صورتحال مغربی قبضے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے روس

55
Zamir Kabulov
Zamir Kabulov

دوحہ۔2جولائی (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ افغانستان میں سلامتی کی صورتحال مغربی تسلط کے دور کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق یہ بات روس کے وزیر خارجہ کے مشیر اور افغانستان کے لئے صدارتی ایلچی ضمیر کابلوف نے گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغانستان پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ورکنگ گروپس کی مشاورت کے بعد بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ افغانستان میں سلامتی کی موجودہ صورتحال اب بھی کشیدہ ہے لیکن مغربی قبضے سے نجات کے بعد ملک میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں روس کے سفیر دیمتری ژیرنوف اس بارے میں مزید بتا سکتے ہیں لیکن ابتدائی طور پر میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ صورت حال نسبتاً کشیدہ ہے لیکن یہ مغربی قبضے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ یہ ایک اہم چیز ہے جس پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کی اقتصادی اور مالی پابندیوں کے درمیان افغان حکام صورتحال کو بہتر بنانے کی اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔