دوشنبے۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال پر تاجکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان اور تاجکستان افغانستان کے مختلف نسلی دھڑوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں وزیراعظم کے دورہ تاجکستان کے دوسرے روز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم آج دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور پاکستانی سفیر بھی یہاں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بعد وزیراعظم تاجکستان کے صدارتی محل جائیں گے جہاں تاجکستان کے صدر کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال میں تاجکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے، وزیراعظم کی خواہش ہے کہ تاجکستان اور پاکستان دونوں برادر ممالک افغانستان کے مختلف نسلی دھڑوں کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔