لاہور۔15جون (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو سفیر کی سطح کا درجہ دینے کے فیصلے سے دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ اتوار کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی منظر نامے میں یہ انتہائی اہم فیصلہ ہے کیونکہ جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن، تجارتی انضمام اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے افغانستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کا فروغ انتہائی ضروری ہے، مستحکم افغانستان پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کی نئی راہیں بھی کھلیں گی، افغانستان وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک اہم زمینی پل کا کام کرتا ہے اور یہ سرحد پار تجارت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مشترکہ منصوبوں، آزادانہ تجارت کے معاہدوں اور عوامی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بہتر تعلقات سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی اور سرحد کے دونوں جانب روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔