اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ شب بھارتی افواج کی جانب سے پاکستانی مساجد اور سول آبادی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔سردار ایاز صادق نے اراکین قومی اسمبلی بالخصوص حزب اختلاف کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی سلامتی کے معاملے پر پارلیمان اور عوام کی مشترکہ آواز بن کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594022