حویلی کہوٹہ ۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے حویلی کہوٹہ میں معرکہ حق ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، انجمن تاجران، وکلاء، سول سوسائٹی اور صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکا نے پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف زندہ باد اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر لائن آف کنٹرول کے عوام کے پاس آئے ہیں۔ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں اور پچیس کروڑ پاکستانی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ایل او سی پر بسنے والے عوام فرنٹ لائن کے مجاہد ہیں جو افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کا دفاع کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کا احساس وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور پوری قوم کو ہے۔انہوں نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے شہداء کے ورثاء کے لیے ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کے لیے بیس لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
متاثرہ گھروں کی مالی معاونت کی جائے گی اور زخمیوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ افواج پاکستان نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر جیسے دلیر سپہ سالار کو پوری پاکستانی قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم اپنی افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔
انہوں نےکہا کہ اس سارے عمل میں وزیر اعظم پاکستان نے بہترین کپتان کا کردار ادا کیا اور فاشسٹ مودی کا چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔اس موقع پر سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی، نائب صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر چوہدری محسن عزیر، سردار یاسر منشاء، عابد بخاری، طارق محمود اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597377